‘لوگ مان رہے ہیں نواز شریف کے بغیر پاکستان چلنا مشکل تر ہوتا جا رہا ہے’

نواز شریف

اسلام آباد : وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ لوگ مان رہے ہیں نوازشریف کےبغیرپاکستان چلنا مشکل ترہوتا جارہا ہے، نوازشریف ووٹ کو عزت دوکےنعرے پرواپس آرہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خود احتسابی اور سزا ملنے سے ہماری بات سچ ثابت ہوئی کہ سہولت کاری تھی مگر اس پراجیکٹ کو لانچ کرنے والوں کو گرفتار کر کے سخت سزا دینی چاہیے۔

جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ طاقتور ادارے کے خود احتسابی کے عمل سے عوام میں نوید آئی ہے، نو مئی کے واقعات میں ملوث کرداروں کا چوراہوں پر احتساب ہونا چاہیے۔

وفاقی وزیر نے چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ سابق ہونے پر بھی کیا وہ طاقت وار ہے تو پھر سانحہ نو مئی ہو سکتا ہے، 9مئی واقعات کے ماسٹر مائنڈ کو سزا دینا بہت ضروری ہے ، 9مئی کے واقعات 23کروڑ عوام ،ملک کی سلامتی پر حملہ ہے۔

لطیف کھوسہ اور اعتزار احسن پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج وہ لوگوں پٹیشن دائر کر رہے جن کو گرین کارڈ حاصل کرنے کی خواہش ہے۔

جاوید لطیف نے کہا کہ وقت کے غازیوں نے ایک شخص کو نیچا دکھانے کیلئے غلط فیصلے کئے، جب ایک ادارہ خود احتسابی کررہاہے تو باقیوں کو بھی گزرنا پڑے گا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نوازشریف اپنےتجربے اور عالمی سطح پر اعتماد سے پاکستان کو مشکل سے نکال سکتے ہیں ، گزشتہ حکومت کے ایک فیصلےسے پی آئی اے کو اربوں کا نقصان ہوا، معیشت اور ملک کی تباہی کے فیصلوں پر تنقید لازمی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ نوازشریف پاکستان سےآٹھ گھنٹےدورتھا، اب ڈھائی گھنٹے کی مسافت پر ہے، اب لوگ مان رہے ہیں نوازشریف کےبغیرپاکستان چلنا مشکل ترہوتا جارہاہے،، نواز شریف ووٹ کو عزت دو کے نعرے پرواپس آرہے ہیں، نواز شریف جب بھی ملک میں آیا خوشحالی آئی۔

جاوید لطیف نے بتایا کہ آئندہ ن لیگ نے کس کے ساتھ انتخابی اتحاد کرنا اس کا فیصلہ نواز شریف کریں گے ، ہماری جماعت ملک میں وقت پر آزادانہ انتخابات چاہتی ہے۔