لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نے صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی کو جنرل یحییٰ قرار دے دیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج جنرل یحییٰ کا کردار عارف علوی کرتے نظر آرہے ہیں جبکہ عمران خان آگ پر پیٹرول چھڑکنے کے لیے بے تاب ہیں گلی کوچوں میں خونریزی کے لیے کچھ گروپوں کو لانچ کیا گیا ہے۔
انہوں کہا کہ ہدایت کار اور سہولت کار مکمل سہولت دے رہے ہیں، فیض عام ختم نہیں ہوا اسے بھی عام کرنے کی بھی اطلاعات ہیں۔
جاوید لطیف نے کہا کہ کچھ عناصر آج بھی بلیک میلنگ سے آڈیو ویڈیو کے ذریعے اپنے عزائم کی تکمیل چاہتے ہیں جو آئین شکن ہیں وہ آئین کی آڑ میں واردات کرنے والے ہیں یا کرنا چاہ رہے ہیں اس کا ہدایت کار ہی اس کا سہولت کار ہے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جے آئی ٹی بنائی جائے۔
یہ پڑھیں: صدر مملکت عارف علوی نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں انتخابات کی تاریخ دے دی
واضح رہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 9 اپریل کو انتخابات کرانے کا اعلان کردیا ہے۔
صدر مملکت کا خط میں کہنا تھا کہ آئین اورقانون الیکشن میں 90دن سے زائدکی تاخیر کی اجازت نہیں دیتا، انتخابات کی تاریخ کیلئے آئینی اور قانونی حق استعمال کیا ہے۔