ثاقب نثار، فیض حمید آج بھی پی ٹی آئی کے سرپرست ہیں، جاوید لطیف

ثاقب نثار، فیض حمید آج بھی پی ٹی آئی کے سرپرست ہیں، جاوید لطیف

اسلام آباد: سینئر رہنما مسلم لیگ (ن) جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار اور سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید آج بھی پی ٹی آئی کے سرپرست ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’سوال یہ ہے‘ میں جاوید لطیف نے کہا کہ آئین و قانون کے حلف کی پاسداری نہ کرنے والا غدار ہوتا ہے لیکن بدقسمتی یہ ہوئی ہے ملک میں غیر آئینی و غیر قانونی کام کیے گئے، ایسے کام کیے گئے کہ پاکستان بھنور میں پھنس گیا۔

جاوید لطیف نے کہا کہ ایک ریٹائرڈ جنرل کا کورٹ مارشل ہونے جا رہا ہے، کورٹ مارشل بغاوت کا مرتکب ہونے والے کا ہوتا ہے، فیض حمید نے سروس کے دوران ایک سیاسی جماعت کا ساتھ دیا جبکہ سیاسی جماعت منظم طریقے سے پاکستان کے اداروں پر حملہ آور ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ ثاقب نثار آج بھی متحرک ہیں، یہ ایک پورا نیٹ ورک ہے جس نے پاکستان کو بھنور میں پھنسایا ہے، 18 ماہ کی حکومت کے وقت کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی سہولت کاری ہو رہی ہے لیکن میری اپنی جماعت کے لوگ کہتے تھے کہ ہمیں سہولت کاری نظر نہیں آ رہی، آج میری بات ثابت ہو چکی ہے کہ سہولت کاری ہو رہی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ ثاقب نثار اور فیض حمید کو 2014 سے شروع سلسلے تک لے کر جائیں، وہ سلسلہ قوم کو بتایا جائے کہ 2017 کے فیصلوں سے پاکستان کو نقصان پہنچا، بتایا جائے بانی پی ٹی آئی کو لانا کس کی مجبوری تھی، سی پیک کو کیوں بند کیا گیا اور نواز شریف کو کیوں نکالا گیا؟

جاوید لطیف نے کہا کہ نواز شریف تب بولیں گے جب حقائق سے پردہ اٹھایا جائے گا، 2014 اور 2017 کی بات کر رہے ہیں تو 2022 پر بھی بات ہوگی، 2017 کا ترقی کرتا پاکستان ڈبو دیں اور ہمیں قصور وار ٹھہرائیں تو یہ ناانصافی ہوگی، بتانا ہوگا کہ 2017 میں ایک پیج پر ہو کر پاکستان کا کتنا نقصان کیا گیا۔