پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات نہیں ہوسکتے، جاوید لطیف

جاوید لطیف

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات نہیں ہوسکتے، انہیں کوئی این آر او نہیں دے سکتا۔

اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگی رہنما جاوید لطیف نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مذاکرات ہونے چاہئیں لیکن ان سے بات نہیں ہوسکتی جو کہتے ہیں ہماری بات صرف اسٹیبلشمنٹ سے ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کے اجلاس میں پی ٹی آئی سے بات کرنے کی کوئی گفتگو نہیں ہوئی، کسی کی ذمہ داری نہیں لگائی کہ پی ٹی آئی سے بات کی جائے۔

جاوید لطیف نے کہا کہ تمام سیاسی قوتوں کو آپس میں بات کرنی چاہیے، محمود اچکزئی نے کبھی بھی آئین سے ماورا قوتوں کی حمایت نہیں کی، وہ پہلے اپنی جماعت کے سربراہ پھر ایک اتحاد کے سربراہ ہیں، پی ٹی آئی انہیں کتنا اختیار دیتی ہے یہ اس اتحاد کا مسئلہ ہے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ 9 مئی کے مجرموں کے ساتھ سیاسی لوگ جیسا سلوک نہیں ہوسکتا، کسی شخص کو اختیار نہیں ہے کہ وہ ایک مجرم کو این ار او دے۔

جاوید لطیف نے کہا کہ 18 ماہ کی حکومت میں 20 ضمنی الیکشن ہوئے تھے 18 نشستیں پی ٹی آئی جیتی تھی، یہ فیض اور باجوہ نے ہی گل کھلایا تھا کہ پی ٹی آئی 18 سیتیں جیتی تھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پہلے بھی کہتا تھا بانی پی ٹی آئی کی سہولت کاری موجود ہے، ایک ادارے نے خود احتسابی کی تو سہولت کاری کرنے والے پکڑے گئے۔