‘ نواز شریف کو الیکشن لڑنے کی اجازت دو تو کل الیکشن کرا لو’

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف نے عام انتخابات کے لئے نئی منطق پیش کردی۔

تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو میں جاوید لطیف نے کہا کہ ہم الیکشن سے نہیں بھاگ رہے، (ن) لیگ کے خلاف جو ماحول بنایا جا رہاہے وہ قابل قبول نہیں ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ اب سب مانتے ہیں کہ نوازشریف کے ساتھ زیادتی ہوئی، سابق وزیراعظم کو سازش کے تحت مائنس کیاگیا،آج پاکستان جس نہج پر ہے وہ سب کے سامنے ہے۔

جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ ایک شخص کی ذاتی خواہش پر الیکشن کرایا جا رہا ہے،پہلے الیکشن بھی نوازشریف کو انتخابات سے باہر رکھا گیا،اب بھی نوازشریف کو الیکشن سے باہر کیوں رکھا جارہا ہے، ہم کہتے ہیں کہ آج نواز شریف کو الیکشن لڑنے کی اجازت دو تو کل الیکشن کرا لو۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ کچے کے ڈاکوچند لوگوں کے مجرم ہیں،زمان پارک کا ڈاکو لاکھوں لوگوں کا مجرم ہے ، پی ٹی آئی کے جس گروپ کو عمران خان لیڈکریں گے اس سے مذاکرات نہیں ہوں گے.