ممبئی (31 جولائی 2025): سماج وادی پارٹی کی رکن پارلیمنٹ اور ماضی کی نامور اداکارہ جیا بچن نے بزدلانہ آپریشن کا نام ’سندور‘ رکھنے پر مودی سرکاری کو کھڑی کھڑی سنا دی۔
انڈین میڈیا کے مطابق جیا بچن نے راجیہ سبھا میں پہلگام واقعے پر بحث کے دوران اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے آپریشن کا نام سندور رکھنے پر سوال اٹھایا۔
حکومتی ارکان پارلیمنٹ کو مخاطب کرتے ہوئے جیا بچن نے کہا کہ میں آپ کو مبارکباد دوں گی کہ آپ نے بڑے مصنفین (رائٹرز) کو رکھا ہے، سوال ہے کہ آپ نے آپریشن کا نام ’سندور‘ کیوں رکھا جبکہ حقیقت میں کئی خواتین کے سندور اجڑ گئے؟
انہوں نے کہا کہ آپ نے ان لوگوں کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی ہے جو آپ پر بھروسہ کرتے ہیں، وہ خاندان آپ کو کبھی معاف نہیں کریں گے، آپ میں ان خاندانوں سے معافی مانگنے کی اہلیت نہیں ہے۔
رکن سماج وادی پارٹی نے مزید کہا کہ اقتدار میں عاجزی بہت ضروری ہے، بم اور ہتھیار اس کا متبادل نہیں ہیں، وزیر دفاع نے کہا کہ ہم خود انحصار ہیں ہم یہ اور وہ تیار کر رہے ہیں، کیا فائدہ جب آپ پہلگام میں 26 لوگوں کو نہیں بچا سکے؟ بموں اور ہتھیاروں سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا صرف انسانیت کی ضرورت ہے۔
جب جیا بچن کی تقریر کے دوران حکومتی ارکان نے شور شرابا کیا اور اظہار خیال کے دوران خلل ڈالنے کی کوشش کی تو انہوں نے سخت ردعمل دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یا تو آپ بولیں یا میں بولوں گی، جب آپ بات کرتے ہیں تو میں مداخلت نہیں کرتی، جب کوئی خاتون بولتی ہیں تو میں کبھی نہیں روکتی، براہ کرم اپنا منہ بند رکھیں۔