یہ کون سی فیکٹری ہے جہاں ایسے نتیجے بنائے گئے، حافظ نعیم الرحمان

حافظ نعیم الرحمان

جامشورو: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ یہ کونسی فیکٹری ہے جہاں ایسے نتیجے بنائے گئے، ہوش کے ناخن لیں اور نتائج کو ٹھیک کریں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق جامشورو میں جی ڈی اے کے احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 8 سے 10 لاکھ ووٹ لینے والی پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کو سیٹیں نہ ملیں، ایک لاکھ ووٹ لینے والی ایم کیو ایم کو 17 قومی، 30 صوبائی نشستیں دے دی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں شہری وڈیروں کو مسلط کیا گیا ہے، ایم کیو ایم نے ایک لاکھ ووٹ بھی حاصل نہیں کیا انہیں 17 سیٹیں دیکر ہم پر مسلط کردیا گیا۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ یہ دہشت گرد ہیں، یہ بلدیہ فیکٹری جلانے والے بوری بند لاشوں والے ہیں، ان لوگوں نے سندھ کی معیشت کو پیپلزپارٹی کے ساتھ مل کر برباد کیا، اب مافیا سے آزادی حاصل کرنا ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ یہ جنگ ظالم اور مظلوم کی ہے، یہ لوٹنے والوں سے مقابلہ ہے، ان نتائج کو قبول نہیں کرتے، ٹھپہ مافیا، آر او الیکشن قبول نہیں، ہمارے پاس فارم 45 موجود ہیں، ہم جھوٹ پر یقین نہیں رکھتے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سندھ میں پی ٹی آئی، جماعت اسلامی کے مینڈیٹ پر ڈاکہ مارا، جو جیتا ہے اسے جیتنے دو جو ہارا ہے اسے ہراؤ۔