لاہور: قومی اسمبلی سے نااہلی کی مدت کے حوالے سے بل کی منظوری پر پیٹرن انچیف استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین کا ردعمل آگیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی کے پیٹرن انچیف جہانگیر ترین سے پارٹی رہنماؤں، ورکرز نے رابطے کیے، پارٹی رہنماؤں نے انہیں بل کی منظوری پر مبارک باد پیش کی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ جہانگیر ترین نے نیک خواہشات پر پارٹی رہنماؤں اور ورکرز کا شکریہ ادا کیا۔
جہانگیر ترین نے پارٹی ورکرز سے گفتگو میں بل کی منظوری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’اللہ کا شکر ہے۔‘
واضح رہے کہ جہانگیر ترین اس وقت فیملی کے ہمراہ علاج کے سلسلے میں لندن میں موجود ہیں، وہ عید الاضحیٰ کے بعد پاکستان واپس آئیں گے۔
یاد رہے کہ قومی اسمبلی نے نااہلی کی زیادہ سے زیادہ سزا پانچ سال کرنےکا بل اتفاق رائے سے منظور کرلیا گیا۔
بل کی منظوری سے سابق وزیراعظم نواز شریف اور استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین کے الیکشن لڑنےکی راہ بھی ہموار ہوگئی ہے۔
قومی اسمبلی کے آج ہونے والے اجلاس میں نااہلی کی زیادہ سے زیادہ سزا 5 سال کرنےکا بل اتفاق رائے سے منظور کیا گیا۔