سوشل میڈیا پر آج کل ایک ویڈیو بہت تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں دکھایا جا رہا ہے کہ ایک پالتو وہیل نے اورکا ٹرینر پر حملہ کرکے اسے جان سے مار دیا ہے۔
لائیو شو کے دوران ایک اورکا ٹرینر لڑکی کی ہلاکت کی یہ وائرل ویڈیو دیکھ کر بہت سے لوگ خوفزدہ ہوگئے کیونکہ یہ منظر واقعی حقیقت کے بہت قریب لگ رہا تھا، حالانکہ اس کا حقیقت سے کوئی واسطہ نہیں۔
جی ہاں !! اس کی اصل حقیقت یہ ہے کہ ایسا کوئی واقعہ کبھی ہوا ہی نہیں بلکہ جیسیکا ریڈکلف نام کی کوئی ٹرینر موجود ہی نہیں اور یہ سارا واقعہ محض مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے بنایا گیا ایک جھوٹا قصہ ہے۔
اس قسم کی جھوٹی کہانیاں اور ویڈیوز مبینہ طور پر جعلی خبری ویب سائٹس، فیس بک، ٹک ٹاک اور ریڈٹ پر وائرل کی جاتی ہیں یہ بھی ان ہی ویڈیوز میں سے ایک ہے، جس میں جذباتی اور سنسنی خیز کیپشن لکھ کر لوگوں کے جذبات سے کھیلا گیا اور زیادہ تر لوگ اس وائرل ویڈیو کو سچ سمجھ بیٹھے۔
مزید تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ کسی بڑے میرین پارک یا ایکویریم میں "جیسیکا ریڈکلف” نامی کوئی ٹرینر ہی کام نہیں کر رہی اور حالیہ دنوں میں اورکا کے حملے سے کسی جانی نقصان کی کوئی رپورٹ موجود نہیں۔ عوامی ریکارڈز، پریس ریلیزز اور سرکاری میرین پارک بیانات میں بھی اس نوعیت کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔
ماہرین نے واضح کیا کہ اس قسم کی جھوٹی کہانیاں ماضی میں بھی سامنے آتی رہی ہیں، جو اورکا سے متعلق پرانے حادثات کی شہرت کا فائدہ اٹھا کر توجہ حاصل کرنے کے لیے پھیلائی جاتی ہیں۔
Jessica Radcliffe rumours found untrue after viral whale attack