مشہور ایئر لائن کے بانی کی جج سے اپیل

بھارت کی مشہور ایئر لائن ”جیٹ ایئرویز“ کے بانی نریش گوئل ہفتہ کو ممبئی کی خصوصی عدالت میں پیشی کے دوران آبدیدہ ہوگئے، انہوں نے ہاتھ جوڑ کرعدالت کو بتایا کہ انہوں نے ”زندگی کی ہر امید کھو دی ہے” اور وہ ”اپنی موجودہ حالت میں جینے کے بجائے جیل میں موت کو ترجیح دیں گے، واضح رہے کہ نریش گوئل 538 کروڑ روپے کے کینرا بینک فراڈ کیس میں ملزم ہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جج سے اپیل کرتے ہوئے ستر سالہ نریش گوئل کی آنکھوں میں آنسو تھے۔ اُن کا عدالت سے کہنا تھا کہ وہ اپنی بیوی انیتا کو بہت یاد کرتے ہیں، جو کینسر کے ایڈوانس ا سٹیج میں ہیں۔

گزشتہ سال یکم ستمبر کو ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ) نے ایک مبینہ بینک فراڈ کیس میں انہیں حراست میں لیا تھا، وہ فی الحال ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں عدالتی حراست میں ہیں۔

گوئل نے خصوصی جج ایم جی دیش پانڈے کے سامنے ضمانت کی عرضی داخل کی تھی۔ انہیں ہفتے کے روز عدالت میں پیش کیا گیا اور کارروائی کے دوران جیٹ ایئرویز کے بانی نے چند منٹ کے لیے ذاتی سماعت کی درخواست کی جس کی جج نے اجازت دے دی۔ عدالت کے ‘روزنامہ’ (روزانہ سماعت کا ریکارڈ) کے مطابق ایئر لائن کے بانی اس دوران مسلسل کانپ رہے تھے، انہوں نے ہاتھ جوڑ کر کہا کہ ان کی صحت بہت خراب ہے۔

عدالتی ڈائری کے مطابق نریش گوئل کا روتے ہوئے جج سے کہنا تھا کہ مجھے جے جے ہسپتال ریفر کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے، میں بہت کمزور ہو گیا ہوں۔ آرتھر روڈ جیل سے دوسرے قیدیوں کے ساتھ ہسپتال تک کا سفر بہت تکلیف دہ اور تھکا دینے والا ہے جسے میں برداشت کرنے کے قابل نہیں۔

انہوں نے کہا کہ میری بیوی انیتا کینسر کے ایڈوانس سٹیج میں ہے اور اس کا علاج ہورہا ہے، اس کی دیکھ بھال کرنے والا کوئی نہیں ہے۔ کیونکہ میری اکلوتی بیٹی بھی بہت زیادہ بیمار ہے۔

انہوں نے عدالت سے استدعا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے جے جے اسپتال نہ بھیجا جائے اور مجھے جیل میں ہی مرنے دیا جائے۔ میں نے زندگی کی ہر امید کھو دی ہے اور ایسی حالت میں جینے سے بہتر ہے مرنا۔

جرمن وزیر خارجہ بھی فلسطینیوں کے دفاع میں بول پڑیں

جج کا گوئل کی بات سننے کے بعد کہنا تھا کہ میں نے ان کی ہر بات پر توجہ دی ہے۔ انہیں یہ بھی یقین دلایا گیا ہے کہ انہیں بے یارو مددگار نہیں چھوڑا جائے گا اور مناسب علاج کے ساتھ ساتھ ان کی ذہنی اور جسمانی صحت کا بھی ہر ممکن خیال رکھا جائے گا۔