مسافر کے زیورات کی چوری، پی آئی اے کے چار لوڈر گرفتار

لڑکیاں قتل

لاہور : کینیڈا جانے والے مسافر کے قیمتی زیورات کی چوری کی شکایت پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پی آئی اے کے چار لوڈر گرفتار کرکے لاکھوں مالیت کے مسروقہ زیورات برآمد کرلیے۔

ذرائع کے مطابق مسافر 19 جولائی کو لاہور سے پی آئی اے کے پرواز پی کے797 کے زریعے ٹورنٹو روانہ ہوئے تھے، کینیڈا پہچنے پر مسافر کے سامان سے قیمتی زیورات چوری کرلیے گئے تھے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کو مسافر نے قیمتی زیورات چوری کے حوالے سے تحریری طور پر درخواست دی تھی، جس پر فوری کارروائی پولیس نے مسافر کے رشتہ دار کی مدعیت میں مقدمہ 101/20 کے تحت درج کرلیا تھا۔

اس کے علاوہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے بھی تحقیقات کی جارہی تھیں، خفیہ اطلاع ملنے پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے چاروں دہاڑی دار ملازمین کو گرفتار کرلیا ہے۔

دوران تفتیش چاروں ملازمین نے چوری کا اعتراف کرلیا، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے قیصر عزیز اور ناصر رضا سے قیمتی زیورات برآمد کرلیے، پولیس کی جانب سے معاملے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں، چاروں لوڈر کو کنٹریکٹر نے ڈیلی ویجز پر رکھا ہوا تھا۔

اس حوالے سے پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا پی آئی اے نے ان ملازمین کو برطرف کرنے کیلیے ٹھیکیدار کو خط لکھ دیا ہے پی آئی اے کی جانب سے تحقیقاتی عمل میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔