پنجاب میں‌ تیزاب گردی کا لرزہ خیز واقعہ، متاثرہ طالبہ تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل

پنجاب میں‌ تیزاب گردی کا لرزہ خیز واقعہ، متاثرہ طالبہ تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل

جھنگ(3 اگست 2025): دو ملزمان نے فرسٹ ایئر کی طالبہ پر گھر میں گھس کر تیزاب پھینک دیا۔

تفصیلات کے مطابق جھنگ میں تھانہ مسن کی حدود میں تیزاب گردی کا لرزہ خیز واقعہ پیش آیا جہاں دو ملزموں نے فرسٹ ایئر کی طالبہ بشرا فاطمہ پر گھر میں گھس کر تیزاب پھینک دیا۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ طالبہ کا چہرہ بری طرح جھلس گیا جس کے بعد فوری طور پر ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کیا گیا تاہم اب وہ برن وارڈ میں زیرِ علاج ہے، ڈاکٹروں کا کہنا ہے متاثرہ طالبہ کی حالت تشویشناک ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کے بعد دونوں ملزمان فرار ہوگئے، تفتیش جاری ہے لیکن تاحال مقدمہ درج نہیں ہوسکا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے حملے کی وجہ ذاتی دشمنی یا ہراسانی ہوسکتی ہے، خواتین پر بڑھتے ہوئے حملوں پر عوامی حلقوں نے شدید ردعمل دیتے ہوئے سیکیورٹی کی صورتحال پر سوالات اٹھائے ہیں۔

شہریوں نے مطالبہ کیا ہے ملزمان کو فوری گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے تاکہ جھنگ میں خواتین کو تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جھنگ میں لڑکی پر تیزاب پھینکنے کے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے آر پی او فیصل آباد سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے ساتھ ہی انہوں نے بشریٰ فاطمہ کے بہترین علاج کی ہدایت کی ہے۔