حافظ نعیم الرحمٰن کا بلدیاتی انتخابات میں فوج اور رینجرز کی تعیناتی کا مطالبہ

حافظ نعیم

کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے شہر میں بلدیاتی انتخابات کے لیے فوج اور رینجرز کی تعیناتی کا مطالبہ کر دیا۔

ادارہ نورِ حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ شہر میں بلدیاتی الیکشن 15 جنوری کو کرائے جائیں اور انہیں صاف و شفاف بنانے کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں، فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ الیکشن رولز کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے مگر کوئی پوچھنے والا نہیں، سندھ حکومت نے صوبے میں ریکارڈ کرپشن کی ہے، حکومت کی بُری کارکردگی ہر جگہ نظر آ رہی ہے، کئی علاقے پانی سے محروم ہیں، پیپلز پارٹی کراچی کو آن نہیں کرتی بلکہ یہ لوگ شہر پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے 11 وفاقی وزرا ہیں مگر اس کے باوجود پانی کا ایک فیصد کوٹہ منظور نہیں ہوا، عباسی شہید سمیت سرکار کے تحت چلنے والے اسپتال کچرا کنڈی کا ڈھیر ہیں، سرکاری اسکولز کی صورتِ حال ایسی ہے کہ کوئی وزرا اپنے بچوں کو ان میں نہیں پڑھانا چاہتا، صوبے کا 326 ارب روپے کا بجٹ ہے مگر سرکاری اسکولز اصطبل بن چکے۔