لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ اگر حکومت نے ہمارے ساتھ کیے گئے معاہدے پر عمل نہ کیا تو ملک بھر سے قافلے اسلام آباد کیلیے نکلیں گے۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ دھرنے میں حکومت نے رکاوٹیں ڈالیں، آئی پی پیز کیلیے ٹاسک فورس بنائی گئی ہے جو ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرے گی۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ مذاکرات اور معاہدے ہوتے ہیں مگر حکمران دباؤ میں فیصلہ کرتے ہیں، معاہدے پر عمل نہ ہوا تو ملک بھر سے قافلے اسلام آباد کیلیے نکلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دھرنے کا پہلا مرحلہ کامیاب رہا ہے اب حکمران حل تلاش کریں گے۔
پیرس اولمپکس میں پاکستان کیلیے گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کے بارے میں رہنما جماعت اسلامی نے کہا کہ ارشد ندیم کا پاکستان میں خیر مقدم کرتے ہیں، انہوں نے ثابت کیا کہ نوجوانوں میں بہت صلاحیتیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت توجہ دے تو کرکٹ کے علاوہ بھی کھیلوں میں ترقی کی جا سکتی ہے۔
اقلیتوں کے حقوق سے متعلق لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اقلیتیں ہمارا فخر ہیں پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل حقوق حاصل ہیں۔
نائب امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اسمبلیوں میں اقلیتوں کی نشستیں ہیں اور دہرا حق نمائندگی بھی رکھتے ہیں، اسلام اقلیتوں کے حقوق کا سب سے بڑا علمبردار ہے۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ کسی کو عقیدہ تبدیل کرنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔