جماعت اسلامی کا دھرنے کے حوالے سے پلان بی سامنے آگیا

جماعت اسلامی دھرنا پلان بی ji protest hafiz naeem

اسلام آباد: جماعت اسلامی پاکستان کا دھرنے سے قبل کارکنان کی ڈی چوک سے گرفتاریاں اور رکاوٹیں کے بعد پلان بی سامنے آگیا۔

ترجمان قیصر شریف نے بتایا کہ جماعت اسلامی کی قیادت نے 3 مقامات پر دھرنا دینے کا فیصلہ کر لیا ہے، مری روڈ راولپنڈی پر دھرنا دیا جائے گا جس کی قیادت ڈاکٹر اسامہ رضی اور امیر العظیم کریں گے۔

قیصر شریف کے مطابق دوسرا دھرنا زیرو پوائنٹ اسلام آباد پر دیا جائے گا جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان خود کریں گے۔

ترجمان نے بتایا کہ تیسرا احتجاجی دھرنا 26 نمبر چونگی پر دیا جائے گا جس کی قیادت نائب امیر و دیگر رہنما کریں گے۔ جماعت اسلامی ننے اعلان کر رکھا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رہے گا۔

جماعت اسلامی کے دھرنے کیخلاف پولیس کا کریک ڈاؤن

جماعت اسلامی کا دھرنا روکنے کیلیے پولیس نے مختلف شہروں میں کریک ڈاؤن کے تحت متعدد رہنماؤں اور کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔

اسلام آباد میں دھرنے کیلیے پہنچنے والے قافلے سے پانچ کارکنان کو حراست میں لے لیا گیا جنکہ ڈی چوک سے دو کارکنان کو گرفتار کیا گیا۔

لاہور میں گزشتہ رات مختلف علاقوں میں ساٹھ سے زائد مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ پولیس کے مطابق جماعت اسلامی کے متعدد کارکنوں کو بھی مختلف مقامات سے حراست میں لیا۔

جنوبی پنجاب سے جماعت اسلامی کے پندرہ سے زائد کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔ اٹک میں بھی پولیس نے جماعت اسلامی کے رہنماؤں اور کارکنوں کے گھروں پر چھاپے مارے اور بارہ سے زائد عہدیدار و کارکنان کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا۔

جماعت اسلامی کے ضلعی نائب امیر ناصر اقبال کو بھی گھر سے گرفتار کیا گیا۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا کہ جہاں رکاوٹ ہوگی دھرنا وہیں ہوگا۔ انہوں نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ دھرنے کیلیے بھرپور جوش سے ملک بھر سے قافلے روانہ ہو چکے ہیں، فسطائیت کے بعد بھی کارکنوں کو کہتا ہوں مینج کریں اور دھرنے میں پہنچیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے پیغام میں کہا کہ ہم پُرامن لوگ ہیں اور پُرامن رہنا چاہتے ہیں، نمائندگان کو کہتا ہوں جہاں رکاوٹ ملے وہیں دھرنا دے دیں، ایک دھرنے کو کئی دھرنوں میں تبدیل کریں گے۔