جماعت اسلامی کا کراچی کے بلدیاتی نتائج پر عدالت جانے کا اعلان

جماعت اسلامی کا کراچی کے بلدیاتی نتائج پر عدالت جانے کا اعلان

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کر دیا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ کراچی کے مینڈیٹ پر شب خون مارنے والوں کے خلاف عدالتوں میں بھی جائیں گے، 23 جون کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دفتر کے باہر احتجاج ریکارڈ کرائیں گے، عدالتوں میں بھی آپ کا پیچھا کریں گے اور گلی کوچوں میں بھی۔

سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے، کراچی کے عوام کے اعتماد کو چوری کرنے نہیں دیں گے، شہر کا مینڈیٹ چوری کرنے والوں سے واپس لیں گے، پی ٹی آئی کے 30 افراد کو لایا جائے دوبارہ الیکشن کرایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کراچی کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم چوری کرنے والوں سے چوری کا مال لے کر کراچی کو واپس کریں گے، 13 جماعتوں کا اتحاد صرف مفادات کی جنگ ہے، ملک میں الیکشن ہی تمام مسائل کا واحد حل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کو سلام کرتا ہوں جنہوں نے جماعت اسلامی پر اعتماد کیا، پیپلز پارٹی 14 سال سے بر سراقتدار ہے، سکھر کو ترقی دے سکے نہ لاڑکانہ کو آباد کر سکتے، حیدر آباد، سکھر جامشورو اور دیگر شہر کھنڈرات کی طرح نظر آتے ہیں۔