جناح اسپتال لاہور کے آپریشن ٹیبل، بیڈز، اے سی، وھیل چیئرز غائب

جناح اسپتال لاہور ڈاکٹر شبیر حسین

لاہور (05 اگست 2025): جناح اسپتال لاہور میں ری ویمپنگ کے دوران قیمتی سامان غائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جناح اسپتال لاہور میں آپریشن ٹیبل، بیڈز، اے سی، وھیل چیئرز اور فرنیچر اچانک غائب ہونے پر محکمہ صحت نے نوٹس لیا، تین رکنی کمیٹی نے تحقیقات کے بعد محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر کو حیران کن رپورٹ فراہم کی۔

بتایا گیا کہ اسپتال سے غائب اشیا میں او ٹی ٹیبلز، بیڈز، اے سی، وہیل چیئرز اور فرنیچر شامل ہیں، جن کی مالیت 1 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد ہے، یعنی قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا گیا۔


کیا پمز میں سانپ کے کاٹے کی ویکسین نہیں ہے؟ زیر گردش ویڈیو کے حقائق سامنے آ گئے


اس رپورٹ کے بعد محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نے ڈاکٹر شبیر حسین کو سامان غائب ہونے پر شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ 7 روز میں وضاحت نہ دی گئی تو ان کے خلاف یک طرفہ کارروائی ہوگی۔

شوکاز نوٹس کے مطابق محکمے کو 3 رکنی کمیٹی کی جانب سے ڈاکٹر شبیر پر سنگین بدعنوانی کے شواہد دیے گئے ہیں، اور یہ بتایا گیا ہے کہ مہنگا طبی سامان جان بوجھ کر غائب کیا گیا، جس سے قومی خزانے کو 1 کروڑ 21 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان پہنچا۔

شوکاز نوٹس میں کہا گیا کہ محکمہ صحت نے یہ معاملہ پیڈا ایکٹ 2006 کے تحت اٹھایا ہے، اگر وضاحت نہ دی گئی تو محکمہ صحت کی جانب سے ڈاکٹر شبیر حسین کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔