جناح ہاؤس حملہ کیس: چیئرمین پی ٹی آئی کو جے آئی ٹی نے آج طلب کرلیا

جناح ہاؤس حملہ چیئرمین پی ٹی آئی

لاہور :‌ جناح ہاؤس حملہ کیس میں جے آئی ٹی نے آج چیئرمین پی ٹی آئی کو طلب کرلیا ہے، چئیرمین پی ٹی آئی کو اس سے پہلے بھی دو مرتبہ طلب کیا گیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق جناح ہاؤس حملہ کیس کی تحقیقات کے لئے بنائی گئی جے آئی ٹی نے آج شام چار بجے چیئرمین پی ٹی آئی کو طلب کرلیا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی لاہور میں جےآئی ٹی کے سربراہ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے سامنے پیش ہوں گے، عدم پیشی پر ان کی ضمانت خارج کرنے کی استدعا کی جائے گی۔

چئیرمین پی ٹی آئی کو اس سے پہلے بھی دو مرتبہ طلب کیا گیا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی آج تھانہ سرورروڈ، تھانہ نصیرآباد ،تھانہ ماڈل ٹاؤن، تھانہ ریس کورس، تھانہ شادمان اور تھانہ گلبرگ میں درج مقدمات میں شامل تفتیش ہونے کیلئے ڈی آئی جی کےدفتر جائیں گے۔

جہاں وہ نو اور دس مئی کے واقعات پرلاہورمیں درج چھ مقدمات میں شامل تفتیش ہوں گے اوراپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی ان تمام مقدمات میں عبوری ضمانت پر ہیں۔