امریکا کے موجودہ صدر جن کی مدت صدارت چند ماہ رہ گئی ہے وہ صدارتی الیکشن سے دستبردار ہونے کے بعد دلچسپ مشاغل میں مصروف ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق صدارتی انتخابات سے دستبرداری کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن اپنے اقتدار کے آخری ایام میں سیر سپاٹے کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق جو بائیڈن چھٹیوں پر ریاست ڈیلاویئر میں اپنے آبائی گھر پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے سیکیورٹی کے سخت حصار میں نہ صرف مصروف سڑک پر سائیکل چلائی بلکہ ساحل سمندر پر سن باتھ سے بھی لطف اٹھایا۔
واضح رہے کہ امریکا میں رواں سال نومبر میں چار سالہ مدت کے لیے صدارتی الیکشن منعقد ہوں گے۔ ایک ماہ پہلے تک جو بائیڈن اور ڈونلڈ ٹرمپ ایک دوسرے کے مدمقابل تھے.
تاہم صحت کی خرابی اور ڈیموکریٹ کے اندرونی دباؤ کے بعد وہ الیکشن سے دستبردار ہو گئے تھے جس کے بعد ڈیموکریٹ نے موجودہ نائب صدر کمالا ہیرس کو صدر کے لیے اپنا امیدوار نامزد کیا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا حریف تبدیل ہونے کے ساتھ ہی امریکی صدارتی الیکشن میں صورتحال بھی تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور جن ریاستوں میں سابق صدر ٹرمپ کو مقبولیت اور برتری حاصل تھی، اب وہاں کمالا ہیرس برتری لیتی جا رہی ہیں۔