ورلڈ کپ کے اہم میچ میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 229 رنز کی شکست کے بعد انگلش کپتان جوز بٹلر نے اپنی غلطی کا اعتراف کرلیا۔
ممبئی کے وانکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ کی جانب سے دیے گئے 400 رنز کے تعاقب میں انگلینڈ کی ٹیم 22 اوورز میں 170 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
میچ کے بعد جوز بٹلر نے کہا کہ ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنا ممکنہ طور پر ہماری غلطی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم میں تبدیلیاں اتنا بڑا مسئلہ نہیں تھا پہلی اننگز کے دوران بہت سی چیزیں منصوبہ بندی کے مطابق نہیں ہوئیں، ٹوپلے زخمی ہوگئے ہمیں یقین تھا کہ وہ واپس آکر کچھ اوورز کروائیں گے لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔
جوز بٹلر نے کہا کہ یہ مشکل 50 اوورز تھے سوچا تھا کہ اگر ہم انہیں اس پچ پر 340، 350 تک محدود کردیتے تو یہ اچھا تعاقب ہوتا لیکن جنوبی افریقہ نے شاندار بیٹنگ کی۔
انگلش کپتان نے کہا کہ اب غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے ہمیں یہاں پر میچز جیتنا ہوں گے۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ میں انگلش ٹیم کی یہ تیسری شکست ہے جبکہ جنوبی افریقہ نے ورلڈ کپ میں تین میچز جیتے اور ایک میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔