پاکستان کا افغانستان میں صحافی انس ملک کی گمشدگی پر اظہار تشویش

اسلام آباد: پاکستان نے افغانستان میں صحافی انس ملک کی گمشدگی پر اظہار تشویش کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ افغانستان میں صحافی انس ملک کی مبینہ گمشدگی کے حوالے سے پاکستان کو شدید تشویش ہے، پاکستان نے افغان حکام سے صحافی انس ملک کی جلد بازیابی کی درخواست کی ہے۔

ترجمان کے مطابق صحافی انس ملک گزشتہ روز سے کابل سے لاپتا ہیں، انس ملک رپورٹنگ کے لیے کچھ روز قبل افغانستان گئے تھے، وہ بھارتی ٹی وی چینل سے وابستہ ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے بھی صحافی کے لاپتا ہونے کا نوٹس لیا ہے، اور کابل میں پاکستانی سفیر نے یہ معاملہ افغان حکام کے ساتھ اٹھایا، دفتر خارجہ نے پاکستان میں افغانستان کے سفارت خانے سے بھی رابطہ کیا ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ افغان ناظم الامور کو آج دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور اعلیٰ حکام کو اس معاملے پر اپنی تشویش سے آگاہ کیا گیا۔