سکھر: سکھر پولیس کا کہنا ہے کہ صحافی جان محمد مہر کے قتل میں ملوث 3 نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی عرفان علی سموں نے کہا ہے کہ صحافی جان محمد مہر کے قتل میں ملوث تین ملزمان کو کچے میں آپریشن کے دوران گرفتار کر لیا گیا، ملزمان میں شیر محمد شیخ، محمد رمضان شیخ اور بشیر مہر شامل ہیں۔
ایس ایس پی کے مطابق ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے، جان محمد مہر کے قتل کا منصوبہ شیر محمد شیخ کے گھر میں بنایا گیا، جب کہ شیرو مہر اور دیگر ملزمان کا گھر میں آنا جانا تھا۔
ایس ایس پی عرفان سموں نے بتایا کہ محمد رمضان شیخ ملزمان کے ساتھ جان محمد کے گھر اور آفس کی ریکی کرتے تھے، واردات کے بعد بشیر مہر نے ملزمان کو کچےمیں پناہ دی، بشیر مہر ملزمان کو کچے میں اسلحہ سمیت تمام سہولیات فراہم کرتا رہا۔
عرفان سموں کا کہنا تھا کہ انھوں نے گرفتار ملزمان کے خلاف تماچانی تھانے میں مزید 4 مقدمات کے اندراج کا حکم دیا ہے، جب کہ گرفتار سہولت کاروں کو سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا گیا ہے، ملزمان کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ صحافی جان محمد مہر کے قتل میں ملوث دیگر ملزمان بھی جلد گرفتار ہوں گے۔