صحافی خاور حسین کی پُراسرار موت کی تحقیقات میں اہم پیش رفت

صحافی خاور حسین کی پُراسرار موت کی تحقیقات میں اہم پیش رفت

کراچی : سندھ حکومت نے صحافی خاور حسین کی پراسرار موت کی تحقیقات کے لئے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا، ورثااورصحافیوں نے دوبارہ پوسٹ مارٹم کا مطالبہ کیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق صحافی خاور حسین کی پراسرار موت کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

سندھ حکومت نے ورثا اور صحافیوں کی درخواست پر میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا ہے جو خاور حسین کی لاش کا دوبارہ معائنہ اور پوسٹ مارٹم کرے گا۔

اس سے قبل سانگھڑ میں پہلا پوسٹ مارٹم کیا گیا تھا تاہم ورثا اور صحافیوں نے حیدرآباد میں دوبارہ پوسٹ مارٹم کا مطالبہ کیا تھا۔

وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے بتایا کہ میڈیکل بورڈ میں سینئر ڈاکٹرز اور فارنزک ماہرین شامل ہیں جو آج خاور حسین کی میت کا دوبارہ معائنہ کریں گے۔

دوسری جانب سندھ حکومت نے خاور حسین کی موت کی تحقیقات کے لیے فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بھی قائم کر دی ہے۔

مزید پڑھیں : خاور حسین خود کو گولی نہیں مار سکتا، والد کا بیان سامنے آ گیا

کمیٹی ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی آزاد خان کی سربراہی میں تشکیل دی گئی ہے، جس میں ڈی آئی جی ویسٹ عرفان بلوچ اور ایس ایس پی سانگھڑ عابد بلوچ شامل ہیں، کمیٹی کو دو روز کے اندر رپورٹ آئی جی سندھ کو جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

دوسری جانب ڈی آئی جی فیصل بشیر نے بتایا ہے کہ جائے وقوعہ سے خاور حسین کا پستول اور گاڑی فرانزک کے لیے بھجوا دی گئی ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق کسی نے گولی چلنے کی آواز نہیں سنی، گاڑی کا شیشہ چڑھا ہوا تھا اور نہ ہی گاڑی کے قریب کسی کے ہونے یا شور شرابے کے شواہد ملے ہیں۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں خاور حسین کو ایک ریسٹورینٹ میں جاتے اور واپس آ کر گاڑی میں بیٹھتے دیکھا جا سکتا ہے۔

حکام کے مطابق خاور حسین کا سی ڈی آر بھی چوبیس گھنٹوں میں حاصل کر لیا جائے گا جبکہ لاش کو مزید کارروائی کے لیے حیدرآباد کے سرد خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔