صحافی خاور حسین کا قتل یا خودکشی ! پولیس سرجن ڈاکٹر کا اہم انکشاف

صحافی خاور حسین کی لاش کا دوبارہ پوسٹ مارٹم مکمل

حیدرآباد : صحافی خاور حسین کی لاش کا دوبارہ پوسٹ مارٹم کرنے والے پولیس سرجن ڈاکٹر وسیم کا اہم بیان آگیا۔

تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے سول اسپتال میں صحافی خاور حسین کی لاش کا دوبارہ پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق دوبارہ پوسٹ مارٹم کی ہدایت اعلیٰ حکام کی جانب سے دی گئی تھی۔

پولیس سرجن ڈاکٹر وسیم کے مطابق تین ماہرین پر مشتمل میڈیکل بورڈ نے دوبارہ پوسٹ مارٹم کیا، جس میں پانچ نمونے لیے گئے ہیں۔ حتمی رپورٹ نمونوں کے ایگزامن کے بعد جاری کی جائے گی، تاہم ابتدائی رپورٹ دو سے تین روز میں آنے کا امکان ہے۔

ڈاکٹر وسیم نے مزید بتایا کہ خاور حسین کو ایک گولی لگی ہے، جسم پر اس کے علاوہ کوئی نشان موجود نہیں۔ واقعہ خودکشی ہے یا قتل، اس بارے میں حتمی رائے دینا قبل از وقت ہے۔

پوسٹ مارٹم کے بعد خاور حسین کی میت ان کے بھائی اور بہنوئی کے حوالے کردی گئی، جسے ایمبولینس کے ذریعے سانگھڑ روانہ کردیا گیا۔

مزید پڑھیں : صحافی خاور حسین کی پُراسرار موت کی تحقیقات میں اہم پیش رفت

یاد رہے کراچی کےصحافی خاورحسین کی لاش سانگھڑ میں ہوٹل کے باہر گاڑی سے ملی تھی، پولیس کا کہنا تھا کہ صحافی کے ہاتھ میں پستول موجود تھا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی سندھ سے مکمل رپورٹ طلب کرلی اور تحقیقات کرکےموت کی اصل وجہ کا پتہ لگانے کی ہدایت کی۔

وزیرداخلہ ضیا لنجار نے ایس ایس پی سانگھڑ سے رپورٹ طلب کرلی ہے، شواہد جمع کرکے ہر پہلو سے تفتیش کررہے ہیں۔

Khawar Hussain death- All News and Updates