صحافی صدیق جان کو دفتر کے باہر سے گرفتار کرلیا گیا

اسلام آباد: صحافی صدیق جان کو ان کے دفتر کے باہر سے سادہ کپڑوں میں ملبوس افراد نے گرفتار کرلیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع کا بتانا ہے کہ صحافی صدیق جان کو شیلنگ کی وائرل ویڈیو کے معاملے پر حراست میں لیا گیا ہے جبکہ انہیں بول کے دفتر کے باہر سے گرفتار کیا گیا ہے۔

پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے صدیق جان کی گرفتاری کی مذمت کی ہے۔

افضل بٹ کا کہنا ہے کہ صحافیوں کو ہراساں کرنا حکومت کی روایت بن گئی ہے اقتدار آنی جانی چیز ہے حکمران ہوش کے ناخن لیں۔

سیکریٹری جنرل پی ایف یو جے ارشد انصاری کا کہنا ہے کہ صحافیوں کی گرفتاری قابل مذمت ہے پی ایف یو جے اپنی حکمت عملی کا اعلان کررہی ہے۔

سیکریٹری فنانس پی ایف یو جے لالہ اسد پٹھان نے کہا کہ آخر کب تک صحافیوں کو فرض کی ادئیگی پر گرفتار کیا جائے گا، حکمرانوں نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو ملک گیر احتجاج کیا جائے گا، صحافیوں کو ہراساں یا اغوا کرنا ہماری ریڈ لائن ہے۔