اسلام آباد : یونان کشتی حادثے کے حقائق منظر عام پر لانے کیلئے عدالتی کمیشن تشکیل دینے کے لئے صدر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف کو مراسلہ بجھوادیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق یونان کشتی حادثے کی تحقیقات عدالتی کمیشن سے کرانے کیلئے صدر عارف علوی اور وزیراعظم شہباز شریف کو مراسلہ لکھ دیا گیا۔
مراسلہ جوڈیشل ایکٹوازم پینل کے اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے بھجوایا، جس میں کہا ہے کہ یونان کشتی حادثے کے حقائق منظر عام پر لانےکیلئے عدالتی کمیشن تشکیل دیا جائے، عدالتی کمیشن سپریم کورٹ کے3ججز پر مشتمل ہونا ضروری ہے۔
مراسلے میں کہا گیا کہ آئین کےآرٹیکل 19اے کےتحت معلومات تک رسائی ہرشہری کابنیادی حق ہے، کشتی حادثہ کیوں پیش آیا،وجوہات کیابنیں،ذمہ داروں کا تعین کیا جائے۔
اظہر صدیق ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ ذمہ داروں کے تعین کے لئے کمیشن آف انکوائری ایکٹ کے تحت عدالتی کمیشن تشکیل دیا جائے۔
خیال رہے یونان کشتی حادثے کا شکار ہونے والوں کے لواحقین کی آٹھ دن گزرنے کے بعد امیدیں دم توڑنے لگی ہیں، لاپتا پاکستانیوں کی تعداد بڑھ گئی ہے، صرف گوجرانوالہ ریجن سے ایک سو گیارہ افراد لاپتا ہیں۔