جے یو آئی (ف) کے رہنما حافظ حمد اللہ کا کہنا ہے کہ حکومت کا حصہ بننا ’آبیل مجھے مار کی مانند ہے جو سیاسی موت کے سوا کچھ نہیں ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق حافظ حمد اللہ نے کہا کہ جے یو آئی اپوزیشن کا حصہ ہے اور اپوزیشن میں ہی رہے گی، حکومت کی حمایت کرنا یا حصہ بننا ہماری مجبوری نہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پر عوام کا اعتماد نہیں سب جانتے ہیں حکومت کون چلا رہا ہے۔
حافظ حمد اللہ نے کہا کہ پارلیمنٹ خود مختار حیثیت کھوچکی ہے، جے یو آئی کی جدوجہد ایک خود مختار پارلیمنٹ کے لیے ہے، ہماری جماعت طاقت نہیں عوامی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔
اس سے قبل جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آئینی ترمیم کی حمایت کے حکومتی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ آئین و جمہوریت سے متصادم قانون کی جے یو آئی سمیت کوئی اپوزیشن حمایت نہیں کرے گی۔
مولانا فضل الرحمان سے سینئر سیاست دان محمد علی درانی کی گزشتہ شب اسلام آباد میں جے یو آئی سربراہ کی رہائش گاہ پر ملاقات ہوئی تھی۔
محمد علی درانی نے مولانا فضل الرحمان کے مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’آپ تاریخ میں ہمیشہ درست سمت میں کھڑے ہوئے اور ہمیشہ سیاسی روایات اور جمہوری اقدار کے امین رہے ہیں۔