اسلام آباد : ٹی وی کے ٹاک شو میں جے یو آئی کے سینٹر حافظ حمد اللہ اور ماروی سرمد کے درمیان تلخ جملوں کے تبادلے کا معاملہ شدت اختیار کرگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ماروی سرمد اور حافظ حمد اللہ کا معاملہ شدت اختیار کرگیا ہے، ماروی سرمد کو دھمکیاں دینے پر لیگل برانچ نے ایف آئی آر درج کرنے کا گرین سگنل دے دیا ہے۔
پولیس نے سینٹر حافظ حمد اللہ کے خلاف کارروائی کرنے کے لئے چئیرمین سینٹ کو خط لکھا اور حمد اللہ کو بھی اپنا موقف جمع کرانے کا کہا ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز ماروی سرمد کا کہنا تھا کہ سینیٹر حمد اللہ نجی ٹی وی پروگرام کے دوران ان پر حملہ آور ہوئے، انہیں مارنے کی کوشش کی اور سنگین نتائج کی دھمکیوں بھی دیں۔
تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بھی اپنے ٹوئٹ میں حافظ حمد اللہ کے ماروی سرمد سے شو میں کی گئی بداخلاقی اور دھمکیوں کی شدید الفاط میں مذمت کی ہے ۔
Strongly condemn shameful abuse & attempted violence by JUIF Senator against @marvisirmed on TV talk show; & ensuing JUIF campaign ag her.
— Imran Khan (@ImranKhanPTI) June 12, 2016
یاد رہے کہ دو روز قبل نجی ٹی وی چینل کے ایک ٹاک شو میں حالیہ دنوں میں پاکستان میں غیرت کے نام پر خواتین کے قتل پر ہونے والے مباحثے کے دوران جے یو آئی کے سینیٹر حافظ حمد اللہ اس وقت شدید اشتعال میں آگئے تھے، جب ماروی سرمد نے بیرسٹر مسرور کے اسلامی نظریاتی کونسل کے خلاف سخت موقف کی حمایت کی، ٹی وی شو کے دوران جمعیت علماء اسلام (ف) سے تعلق رکھنے والے سینیٹر حافظ حمد اللہ نے مبینہ طور پر سماجی کارکن ماروی سرمد سے بدکلامی کی تھی جبکہ پروگرام میں شریک دونوں افراد نے ایک دوسرے کو دھمکیاں بھی دی تھی، ماروی سرمد نے دعویٰ کیا تھا کہ ان پر تشدد کی کوشش بھی کی گئی۔