کراچی : عدالتی حکم نظر انداز کرتے ہوئے اسکول مالکان کی ہٹ دھرمی برقرار ہے، اسکول انتطامیہ نے سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود جون جولائی کے فیس واچرز جاری کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے نجی اسکولوں نے عدالتی احکامات کے باوجود جون جولائی کی فیسیں طلب کرنا شروع کردی ہیں، والدین پر سے اسکول فیسوں کا بوجھ اب تک کم نہ ہوسکا۔
اسکولوں نے ہٹ دھرمی دکھاتے ہوئے جنوری کے ساتھ جون اور جولائی کی فیس واؤچرز والدین کو تھما دیئے، عدالتی احکامات پرڈی جی پرائیویٹ انسٹیٹیوشن حکومت سندھ نے نوٹیفکیشن بھی جاری کیا تھا۔
مصدقہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ اسکول انسٹیٹیوشنز کی جانب سے عدالتی احکامات کی پامالی پر کوئی نوٹس نہیں لیا گیا، پریشان حال والدین نے ایک بار پھرسپریم کورٹ سے نوٹس لینے کی اپیل کردی ہے۔
مزید پڑھیں: پانچ ہزار سے زیادہ فیس لینے والے نجی اسکولوں کو 20 فی صد کمی کرنا ہوگی: سپریم کورٹ
خیال رہے کہ گذشتہ برس سندھ ہائی کورٹ کی جانب سے صوبے بھر میں موجود پرائیوٹ اسکولز کو موسمِ گرما کی تعطیلات کی فیس وصول نہ کرنے کا حکم بھی جاری کیا تھا۔