جسٹس آصف سعید کھوسہ چیف جسٹس آف پاکستان نامزد، صدر مملکت نے منظوری دے دی

جسٹس آصف سعید کھوسہ

اسلام آباد : صدر پاکستان نے جسٹس آصف سعید کھوسہ کو چیف جسٹس آف پاکستان نامزد کردیا، جسٹس ثاقب نثار کی سبکدوشی کے بعد وہ اپنے عہدے کا حلف18جنوری کو اٹھائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس  ثاقب نثار کے بعد سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس آصف سعید کھوسہ کو چیف جسٹس آف پاکستان نامزد کردیا گیا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس آصف سعید کھوسہ کی چیف جسٹس کی نامزدگی کیلئے منظوری دے دی۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ18جنوری کو چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے اوروزارت قانون کے مطابق20 دسمبر2019 تک چیف جسٹس کے عہدے پر فائز رہیں گے۔

 جسٹس آصف سعید کھوسہ کے بارے میں: 

واضح رہے کہ جسٹس آصف سعید خان کھوسہ21 دسمبر 1954ء کو ڈیرہ غازی خان میں پیدا ہوئے انہوں نے گورنمنٹ کالج لاہور سے بی اے اور جامعہ پنجاب سے انگریزی میں ایم اے کی ڈگری حاصل کی۔ بعد ازاں انہوں نے بیرون ملک سے قانون کی اعلیٰ تعلیم حاصل کی اور 26 جولائی1976ء کو باقاعدہ وکالت کے پیشے سے وابستہ ہوئے۔

جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کئی تاریخی فیصلے سنائے، قصور میں قتل ہونے والی بچی زینب کیس میں ملزم عمران علی کو سزا ہوئی تو عمران علی کی سزائے موت کے خلاف اپیل کا فیصلہ جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے سنایا۔

اس کے علاوہ ملکی تاریخ کے سب سے بڑے کیس پانامہ کیس کا فیصلہ سنایا گیا تو جسٹس آصف سعید کھوسہ نے اپنے اختلافی نوٹ میں کہا کہ وزیر اعظم صادق اور امین نہیں رہے۔ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے وزیر اعظم کو نااہل قرا ر دینے کی سفارش بھی کی تھی۔

علاوہ ازیں سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کیخلاف نااہلی کیس میں بھی وہ بینچ کا حصہ تھے اور ان کے اضافی نوٹ کی وجہ سے بھی انہیں کافی شہرت ملی۔