آزاد ججز اور آزاد عدلیہ کی ضرورت ہے، جسٹس اطہر من اللہ

جسٹس اطہر

اسلام آباد : سپریم کورٹ کے جج جسٹس اطہر من اللہ نے کہا ہے کہ ہمیں آزاد ججز اور آزاد عدلیہ کی ضرورت ہے۔

یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا ہرجج پاکستان میں ہونے والی بنیادی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ذمہ دار ہے۔

سپریم کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ بلوچستان میں بنیادی حقوق کی خلاف ورزیوں پر ہمارے سر شرم سے جھک جانے چاہئیں۔

انہوں نے بتایا کہ میں نے ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے 2023 میں بنیادی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق اس وقت کے چیف جسٹس کو لکھا تھا لیکن کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آزاد عدلیہ اور آزاد ججز کی ضرورت ہے تاکہ آنے والی نسلوں کے ساتھ انصاف ہوسکے۔ ان کے مطابق اگر جمہوریت، آئین اور عدلیہ آزاد نہ ہوں تو ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ وکلاء تحریک نے جمہوریت اور آئین کی بحالی میں تاریخی کردار ادا کیا اور عوام کی بڑی تعداد کو اپنی طرف متوجہ کیا۔