تمام میگا کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، جسٹس (ر) جاوید اقبال

جسٹس (ر) جاوید اقبال

اسلام آباد : قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ میگا کرپشن مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے پرعزم ہیں، پوری قوم بدعنوانی کے خاتمہ کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے، پوری قوم نے مل کربدعنوانی کےخاتمہ کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

نیب کو 2018ء کے مقابلہ میں 2019ء میں دوگنا شکایات موصول ہوئی ہیں، قانون کی نظر میں تمام افراد برابر ہیں اور ہر شخص اس وقت تک بے گناہ ہے جب تک اس پر الزام ثابت نہ ہو جائے، تاجر طبقہ معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، تاجر خوشحال ہو گا تو ملک خوشحال ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر شخص بدعنوانی کا خاتمہ چاہتا ہے لیکن کہتا ہے کہ اس سے کوئی سوال نہ پوچھا جائے،ملک کو بدعنوانی سے پاک کرنے کے لئے نیب نے شخصیت کے بجائے کیس کو دیکھنے کی پالیسی اختیار کر رکھی ہے۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ نیب نے ایک موثر مانیٹرنگ اینڈ ایلیویشن نظام بنایا ہے جس کے تحت تمام شکایات کوجلد نمٹانے کیلئے انفراسٹرکچر اور کام کرنے کے طریقہ کار میں جہاں بہتری لائی وہاں شکایات کی تصدیق سے انکوائری اور انکوائری سے لے کر انویسٹی گیشن اوراحتساب عدا لت میں قانون کے مطابق ریفرنس دائر کرنے کے لئے دس ماہ کا عرصہ مقرر کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب تقریبا19 سال پہلے قائم کیاگیا تھا، چئیرمین نیب کی حیثیت سے گزشتہ 23ماہ کے عرصہ کے دوران نیب کو آزاد ادارہ بنانے کے علاوہ تمام شعبو ں میں جامع اصلاحات کے ذریعے نیب کو آج ایک فعال ادارہ بنادیا ہے کیونکہ ان کا پختہ یقین ہے کہ ملک کے تمام ادارے اگر مضبوط ہوں گے تو ملک مضبوط ہوگا۔