معروف قانون دان جسٹس(ر) فخرالدین جی ابراہیم انتقال کر گئے

کراچی: معروف قانون دان جسٹس ریٹائرڈ فخرالدین جی ابراہیم انتقال کر گئے، مرحوم کئی اہم عہدوں ہر فائز رہے۔

تفصیلات کے مطابق معروف قانون دان، سابق اٹارنی جنرل، سابق چیف الیکشن کمشنر، جسٹس ریٹائرڈ فخرالدین جی ابراہیم انتقال کر گئے، مرحوم کئی اہم عہدوں ہر فائز رہے۔ فخرالدین جی ابراہیم کی نمازجنازہ آج رات 7 بجے ادا کی جائے گی۔

معروف قانون دان بھارتی گجرات کے شہر احمد آباد میں 1928 میں پیدا ہوئے، ان کی عمر 91 برس تھی۔

فخرالدین جی ابراہیم 2012 سے 2013 تک چیف الیکشن کمشنر رہے اور بطور چیف الیکشن کمشنر ان کی سربراہی میں 2013 کے عام انتخابات ہوئے۔

مرحوم سپریم کورٹ کے جج کے علاوہ، سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس، گورنر سندھ، اٹارنی جنرل اور وفاقی وزیر قانون کے عہدوں پر بھی فائز رہے۔ فخرالدین جی ابراہیم کے بیٹے زاہد ابراہیم سندھ ہائی کورٹ کے جج رہ چکے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فخرالدین جی ابراہیم کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اللہ مرحوم کے درجات بلند اور خاندان کو صبروہمت عطا فرمائے۔