بپر جوائے: کے الیکٹرک نے اسٹاف کو ہائی الرٹ کر دیا

بپر جوائے: کے الیکٹرک نے اسٹاف کو ہائی الرٹ کر دیا

سمندری طوفان بیر جوائے کراچی سے تقریباً 450 کلو میٹر کی دوری پر ہے۔ ایسے میں کے الیکٹرک نے اپنےاسٹاف کو ہائی الرٹ کر دیا۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلیے کے الیکٹرک نے ایمرجنسی سیل بھی قائم کیا ہے، پی ڈی ایم اے، متعلقہ اداروں اور انتظامیہ کے ساتھ رابطے میں ہیں، طوفان سے ممکنہ بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اختیار کی جا رہی ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ حکومتی اداروں اور انتظامیہ کو نشیبی علاقوں کی نشاندہی بھی کر دی گئی، نشیبی علاقوں میں حفاظتی اقدامات کے تحت بجلی کی ترسیل منقطع کی جا سکتی ہے۔

کے الیکٹرک نے صارفین سے گزارش کی کہ وہ سائیکلون کی صورتحال میں گھر میں رہیں، عوام تیز ہواؤں اور بارش کے دوران بجلی کی تنصیبات اور درختوں سے دور رہیں۔

بپر جوائے کے باعث لوڈشیڈنگ میں اضافے کا خدشہ

ادھر وفاقی وزارت توانائی نے سمندری طوفان سے ونڈ انرجی میں کمی ہونے کے باعث لوڈشیڈنگ میں اضافے کے خدشے کا اظہار کر دیا۔

وزارت توانائی کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ سمندری طوفان سے ونڈ انرجی میں کمی ہو سکتی ہے، ایل این جی کی ترسیل متاثر ہونے سے بجلی کی پیداوار میں 1500 میگاواٹ کمی کا امکان ہے۔

’طوفان سے ونڈ انرجی میں 1500 میگاواٹ کمی کا خدشہ ہے۔ ترسیلی مسائل کے باعث کول پاور پلانٹس کی 2400 میگاواٹ بجلی متاثر ہو سکتی ہے۔‘

بجلی کی پیدوار میں کمی کو پن بجلی کی پیداوار میں اضافے اور ڈیزل سے پورا کیا جائے گا تاہم ضرورت پڑنے پر لوڈشیڈنگ میں2 سے 3 کا گھنٹے اضافہ ہوسکتا ہے۔