کراچی میں بارش، کے الیکٹرک نے ہدایات جاری کر دیں

کے الیکٹرک کرنٹ کراچی دو بھائیوں کی موت

کراچی (19 اگست 2025): شہر قائد میں بادل برستے ہی کے الیکٹرک کی جانب سے شہریوں کے لیے احتیاطی تدابیر پر مبنی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

کے الیکٹرک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہری تیز ہواؤں اور بارش کے دوران برقی آلات کے استعمال میں احتیاط کریں، بارش اور کھڑے پانی میں موٹر جیسے برقی آلات کا غیر محفوظ استعمال خطرناک ہو سکتا ہے۔

کے الیکٹرک کی ہدایات کے مطابق شہری ٹی وی، انٹرنیٹ کیبلز، ٹوٹے تاروں اور بجلی کی تنصیبات سے فاصلہ رکھیں، غیر قانونی ذرائع اور کنڈوں سے بجلی کا حصول جان لیوا حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔

کراچی میں بھی بادل برس پڑے، مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش

ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے پر حفاظتی اقدام کے تحت بجلی بند کی جا سکتی ہے، نیز کے الیکٹرک صورت حال کا مسلسل جائزہ لے رہا ہے اور فیلڈ اسٹاف الرٹ پر موجود ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات سے کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جو آج صبح تیز برسات میں بدل گیا ہے۔ صبح سویرے شہر کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہوئی، جن میں نارتھ ناظم آباد، سائٹ ایریا، کلفٹن، ڈیفنس، قیوم آباد، شارع فیصل، ائیرپورٹ، قائد آباد، ملیر، لانڈھی، کورنگی شامل ہیں۔

کراچی کے دیگر علاقوں گلستان جوہر، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، اسکیم 33، صفورا چورنگی، ملیر کینٹ اور اطراف، نارتھ کراچی، منگھو پیر، سرجانی ٹاؤن، تیسر ٹاؤن میں بھی موسلادھار بارش برسی، نارتھ ناظم آباد اور اطراف میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہوئی ہے۔