اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’کبھی میں کبھی تم‘ میں عدیل نے شجرینا سے شادی کرنے سے انکار کردیا۔
ڈرامہ سیریل ’کبھی میں کبھی تم‘ میں فہد مصطفیٰ (مصطفیٰ)، ہانیہ عامر (شجرینا)، عماد عرفانی (عدیل)، جاوید شیخ (افتخار)، بشریٰ انصاری، نعیمہ بٹ (رباب)، مایا خان ودیگر اداکاری کے جوہر دکھا رہے ہیں۔
ڈرامے کی کہانی فرحت اشتیاق نے لکھی ہے جبکہ اس کی ہدایت کاری کے فرائض بدر محمود نے انجام دیے ہیں۔
گزشتہ قسط میں دکھایا گیا کہ مصطفیٰ کے بڑے بھائی عدیل، شجرینا سے شادی کرنے سے انکار کردیتے ہیں کیونکہ وہ رباب سے شادی کرنا چاہتے ہیں۔
والد افتخار بیٹے عدیل سے کہتے ہیں کہ ’میرا آخری فیصلہ سن لو، اگر تم شجرینا سے شادی نہیں کرو گے تو اس گھر میں نہیں رہو گے، تمہارا ہم سب سے تعلق ختم ہوجائے گا۔‘
عدیل کہتے ہیں کہ ’ابا آپ بلاوجہ جذباتی ہورہے ہیں اگر آپ چاہتے ہیں تو میں مرتضیٰ انکل سے معذرت کرلیتا ہوں، آپ کو بالکل بھی شرمندہ نہیں ہونا پڑے گا۔‘
والد کہتے ہیں کہ ’اپنا فیصلہ سناؤ، اونچا اسٹیٹس چاہیے یا پھر ہم سب۔‘ عدیل کہتے ہیں کہ ’آپ جلد بازی میں فیصلہ کررہے ہیں مجھے گھر سے نکال کر آپ کو کیا ملے گا، آپ کی تنخواہ میں تو گھر کی اشیا تک نہیں آتی، مصطفیٰ کچھ کرتا کراتا نہیں ہے، مجھے گھر سے نکالیں گے تو کچن کا خرچہ، بجلی پانی کے بلز، آپ کی اور امی کی دوائیاں یہ سب کچھ کون کرے گا۔‘
View this post on Instagram
افتخار کہتے ہیں کہ ’اگر تم نے فیصلہ کرلیا ہے تو اس گھر سے جاسکتے ہو اور ویسے بھی یہ چھوٹا سا گھر تمہارے شایان شان نہیں۔‘
عدیل کہتے ہیں ’ٹھیک ہے ابا جیسے آپ کی مرضی، مگر یاد رکھئے گا میں آپ لوگوں کو چھوڑ کر نہیں جارہا آپ مجھے اس گھر سے نکال رہے ہیں اگر کبھی لگے مجھے نکال کر غلطی کی تھی تو یاد کرلیجئے گا آپ کا بیٹا حاضر ہوگا۔‘
’کبھی میں کبھی تم‘ میں کیا ہونے جارہا ہے؟ یہ جاننے کے لیے اگلی قسط ہر پیر اور منگل کی رات 8 بجے دیکھیں۔