اسلام آباد : وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ کابل میں تقریب میں حملہ بزدلانہ واقعہ اور قابل مذمت ہے، یہ حملہ ان ہی لوگوں نے کیا جو افغانستان میں امن نہیں چاہتے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ کابل حملہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت عمل ہے، تقریب میں حملہ بزدلانہ واقعہ ہے، افغان طالبان نے حملے سے اظہار لاتعلقی کیا ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ حملہ ان ہی لوگوں نے کیا جو افغانستان امن نہیں چاہتے کیونکہ حملہ کرنے والے افغانستان میں کسی صورت قیام امن اور ملکی ترقی کیخلاف ہیں، امن کے مخالفین افغانستان اور باہر بھی بیٹھے ہیں،افغانستان کو اپنے مقاصد کیلئے استعمال کرنے والے امن نہیں چاہتے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان میں امن سبوتاژ کرنے والوں پر نظر رکھنی ہوگی، امریکا ودیگر قوتیں افغانستان میں گڑبڑ کرنے والوں پر نظر رکھیں، صبرآزما اور دشوار سفر ہے لیکن طے کرنا پڑے گا۔
مزید پڑھیں : کابل میں خوف ناک حملہ، 27 ہلاک، عبداللہ عبداللہ بال بال بچ گئے
یاد رہے کہ افغانستان کے دارالحکومت کابل میں افغان رہنما عبد العلی مزاری کی برسی کی تقریب پر ہونے والے حملے میں درجنوں افراد ہلاک ہو گئے، چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ بھی تقریب میں موجود تھے تاہم وہ بال بال بچ گئے۔
ابتدا میں راکٹ فائر کیا گیا، دھماکے کے بعد تقریب میں موجود لوگوں کو گولیوں کا نشانہ بنایا گیا، جس میں درجنوں افراد ہلاک ہو گئے، بتایا جا رہا ہے کہ حملے میں 27 افراد جان سے گئے، حملے میں 20 کے قریب افراد کے شدید زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔