کاجول نے ہندی میں بات کرنے سے انکار کیوں کیا؟

اداکارہ کاجول کا ہندی میں بات کرنے سے انکار، بھارتی آگ بگولا

بھارتی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ کاجول نے ہندی میں بات کرنے سے انکار کردیا، جس پر اداکارہ کو بھارتیوں نے آڑے ہاتھوں لے لیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کاجول ایک بار پھر خبروں کی زینت بنی ہوئی ہیں، اداکارہ ہندی زبان سے متعلق اپنے رویے پر تنقید کی زد میں ہیں۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ 5 اگست کو ممبئی میں ہونے والے ”مہاراشٹرا اسٹیٹ فلم ایوارڈز 2025” کے دوران رونما ہوا، جہاں کاجول نے میڈیا سے گفتگو کے دوران ہندی زبان میں بات کرنے سے انکار کردیا۔

ایوارڈ تقریب میں اپنی والدہ، سینئر اداکارہ تنوجا کے ہمراہ شرکت کرنے والی کاجول میڈیا کے سوالات کا جواب بنیادی طور پر میراٹھی اور انگریزی زبان میں دے رہی تھیں۔

اسی دوران ایک رپورٹر نے ان سے درخواست کی کہ وہ اپنا بیان ہندی میں بھی دہرائیں تو کاجول برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بولیں ”ابھی میں ہندی میں بولوں؟ جس کو سمجھنا ہے وہ سمجھ لیں گے۔”

اداکارہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوگئی اور متعدد صارفین نے کاجول کے رویے کو ”تکبر” اور ”دوغلا پن” قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کی۔

کاجول نے بیٹی نیسا کے بالی وڈ ڈیبیو کی خبروں پر خاموشی توڑ دی

ایک صارف نے سوشل میڈیا پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا کہ ”ہندی سے اداکارہ بنی، اب میراٹھی بول کر نیتا بن رہی ہیں۔ شرمناک!” ایک اور صارف نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ”اگر ہندی بولنے میں شرم آتی ہے تو پھر ہندی فلموں میں کام کرنا بند کر دیں۔”

کئی صارفین نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ اگر وہ ہندی زبان کا احترام نہیں کرتیں تو پھر وہ مراٹھی یا دیگر زبانوں کی فلموں تک محدود کیوں نہیں رہتیں۔