کیریئر کے عروج پر شادی کرنا مشکل فیصلہ کیوں تھا؟ کاجول نے بتا دیا

کاجول اپنے کیریئر کی پہلی ڈراؤنی فلم ’ماں‘ کا حصہ بن گئیں

ممبئی: 1992 میں بالی وڈ میں قدم رکھنے والی معروف اداکارہ کاجول نے کیریئر کے عروج پر شادی کرنے کو مشکل فیصلہ قرار دیا جس کی وجہ بھی انہوں نے خودہی بیان کر دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کاجول بہت جلد او ٹی ٹی پلیٹ فارم ڈزنی پلس ہاٹ اسٹار ریلیز ہونے والے کرائم ڈرامہ ’دی ٹرائل – پیار قانون دھوکہ‘ وکیل کے کردار میں نظر آئیں گی۔

کاجول نے اپنے حالیہ انٹرویو میں بتایا کہ زندگی میں کچھ ایسے واقعات پیش آئے جنہوں نے مجھے مشکل فیصلے لینے پر مجبور کیا اور بالی وڈ میں آنا بھی انہیں مشکل فیصلوں میں سے ایک ہے۔

اداکارہ بتاتی ہیں کہ بالی وڈ میں قدم رکھنے سے قبل والد نے نصیحت کی کہ اس بارے میں فیصلہ کرتے ہوئے احتیاط برتنا کیونکہ یہ ایسا پینٹ (رنگ) ہے جو ایک بار لگ گیا تو اس سے کبھی چھٹکارا حاصل نہیں کر پاؤ گی۔

کاجول اور بالی وڈ اسٹار اجے دیوگن نے 1999 میں شادی کی اور تب سے دونوں خوشگوار زندگی گزار رہے ہیں۔

اپنی شادی کے بارے میں بات کرتے ہوئے کاجول کا کہنا تھا کہ کیریئر کے عروج پر شادی کرنے کا فیصلہ کافی مشکل تھا کیونکہ یہ میرے لیے گیم چینجر تھا۔

متعلقہ: کیا یہ تصویر اداکارہ کاجول ہی کی ہے؟

کاجول کے کیریئر کی خوفناک فلم کون سی ہے؟

گزشتہ ماہ فلم ’دشمن‘ کو 25 سال مکمل ہونے پر کاجول نے اپنے کیریئر کی سب سے خوفناک فلم کا نام بتا کر مداحوں کو حیران کر دیا تھا۔ فلم میں اداکارہ نے سونیا اور نینا نامی دو جڑواں لڑکیوں کا مشکل ترین کردار نبھایا تھا۔ سُپر اسٹار سنجے دت اور آشوتوش رانا بھی اسکرین پر جلوہ گر ہوئے تھے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ’دشمن‘ کا ویڈیو گانا شیئر کرتے ہوئے کاجول نے لکھا تھا کہ فلم کو 25 سال مکمل ہوگئے، یہ ایک ایسی خوفناک فلم تھی جس میں کام کرنے کیلیے میں نے حامی بھری۔

اداکارہ نے بتایا تھا کہ فلم میں آشوتوش رانا نے مجھے بہت خوفزدہ کیا اور یقیناً آپ لوگ بھی ڈر گئے ہوں گے، فلم کو دیکھ کر اب بھی بے چین ہو جاتی ہوں۔

1999 میں اس فلم کی بدولت کاجول کو ’بہترین اداکارہ‘ کے ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔ ان کے مداحوں نے ٹوئٹر پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے ’دشمن‘ کو ان کی بہترین فلم قرار دیا۔