قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل کا کہنا ہے کہ دورہ نیوزی لینڈ میں بابر اعظم اور محمد رضوان کو آرام دینے کی تجویز نہیں تھی۔
اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’الیونتھ آور‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر کامران اکمل نے کہا کہ محمد رضوان کی آسٹریلیا میں کارکردگی اچھی رہی ہے انہیں موقع دے سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے ساتھ ہمارا ٹیسٹ ریکارڈ اچھا نہیں رہا ہے، آسٹریلیا ہوم گراؤنڈ میں کنڈیشن اچھے طریقے سے استعمال کرتا ہے۔
کامران اکمل نے کہا کہ پرتھ کی وکٹ پر قومی بیٹرز کو ہمیشہ مشکلات رہی ہیں لیکن قومی بولرز نے شاندار کھیل پیش کیا، کسی بھی کپتان کے لیے آسٹریلیا کے خلاف سیریز مشکل ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یہ خوشی ہے کہ دو بولرز نے قومی ٹیم میں ڈیبیو کیا جو کارکردگی دکھائے گا وہ ٹیم میں ضرور آئے گا، گارنٹی دیتا ہوں وائٹ بال کرکٹ میں نئے کھلاڑی ملیں گے۔
واضح رہے کہ پرتھ ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 360 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی تھی۔
ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن دوسرے سیشن میں آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز 233 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کی۔جواب میں قومی ٹیم 89 رنز ہی بنا سکی اور تمام ٹیم آؤٹ ہوگئی۔