’بابر اعظم کو ورلڈ کپ کے بعد کپتانی چھوڑ دینی چاہیے‘

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کرکٹر کامران اکمل نے کہا ہے کہ بابر اعظم کو ورلڈ کپ کے بعد کپتانی چھوڑ دینی چاہیے۔

تفصیلات کے مطابق کامران اکمل نے  اے آر وائی کے پروگرام الیونتھ آوور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر بابر مجھے اپنا بڑا بھائی سمجھتے ہیں تو میں اسے یہی مشورہ دوں گا کہ اسے ورلڈ کپ کے بعد کپتانی چھوڑ دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر پی سی بی کو بابر اعظم سے 25 ہزار رنز یا 22 ہزار رنز کروانے ہیں تو  انہیں بابر سے کپتانی نہیں کروانی چاہیے، کیوںکہ پچھلے دنوں میں کئی میچز میں بابر پریشر میں کھیل رہا جس سے اس کی پرفارمنس نظر نہیں آرہی ہے۔

کامران اکمل کا کہنا تھا کہ اگر پی سی بی یا بابر اس بات کو سمجھتے ہیں تو انہیں کپتانی چھوڑ دینی چاہیے جیسے ویرات کوہلی نے چھوڑا اور اپنی فارم میں واپس آیا ہے۔

انکا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم میں کوئی اور بابر جیسا بیٹر نہیں ہے، انہیں کپتانی چھوڑ کر پرفارمنس میں توجہ دینی چاہیے ورنہ پاکستانی ٹیم کو اس سے بہت نقصان ہوگا۔

کامران اکمل کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے بابر اعظم سے رنز لینے ہیں انہیں ویرات کوہلی کے قریب پہنچانا ہے، اگر کسی اور کو کپتان نہیں بنایا جاتا تو اس سے بابر کی پرفارمنس بہت زیادہ متاثر ہوگی۔

سابق کرکٹر یونس خان نے اپنی گفتگو میں کہا کہ بابر اعظم دنیا کے بہترین بیٹسمین ہیں، لیکن کپتانی میں وہ ایک لیڈر کی طرح نہیں سوچ رہے، ہر بار ایک ہی غلطی دہرا رہے ہیں۔

یونس خان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے بھی چار بار اپنی کپتانی چھوڑی ہے، بابر اعظم ایک بہترین بیٹسمین ہیں انہیں بس اپنی  ٹیم کے لیے اچھے رنز دینے چاہیے جس کی اس وقت پاکستانی ٹیم کو بہت ضرورت ہے۔