قومی ٹیم کے سابق وکٹ کیپر بیٹر کامران اکمل کا کہنا ہے کہ شاہین نے جس طرح کپتان شان مسعود کا ہاتھ ہٹایا وہ دیکھ کر حیران ہوا۔
الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے کامران اکمل نے کہا کہ کیمرا ہر چیز کو فالو کررہا ہوتا ہے کہ کھلاڑیوں کے آپس میں کیسے تعلقات ہیں، ہم بھی کھلاڑی تھے کپتان کندھے پر ہاتھ رکھتا تھا تو خوش ہوتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ دیکھنا چاہیے کون ہیں وہ لوگ جوٹیم کوچلا رہے ہیں، کون ہے جو پاکستان ٹیم کی تباہی کا ذمہ دار ہے۔
کامران اکمل کا کہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کا باقاعدہ منصوبہ بندی کے ذریعے بیڑا غرق کیا گیا ہے، اس وقت جو ٹیم کا حال ہے وہ کلب کرکٹ سے بھی گیا گزرا ہے۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ جس طرح ٹیم ہار رہی تھی کسی کھلاڑی کے چہرے پر پریشانی نہیں تھی، پاکستان ٹیم کو یہ لوگ اپنی مرضی سے کھلا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مینجمنٹ کھلاڑیوں کوسپورٹ کرتی ہے جبکہ کارکردگی بالکل صفر ہے، پلاننگ اچھی نہیں تھی جس کی وجہ سےٹیسٹ میچ ہارے۔
کامران اکمل نے کہا کہ پچ بالکل ٹھیک تھی کھلاڑیوں کی کارکردگی اچھی نہیں تھی۔
واضح رہے کہ پنڈی ٹیسٹ میں بنگلا دیش نے پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر پہلی بار کامیابی حاصل کی تھی۔