کراچی : سابق وفاقی وزیر کامران مائیکل کے خلاف درخواست پرسماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ رمضان کے بعد تک کی مہلت دی جائے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں چیف جسٹس کی سربراہی میں سابق وفاقی وزیر کامران مائیکل کی گرفتاری کے خلاف درخواست پرسماعت ہوئی۔
نیب پراسیکیوٹر نے سماعت کے دوران کہا کہ درخواست کی استدعا میں ترمیم کرکے نئی درخواست دائر کردی ہے، عدالت نے آئی او سے مکالمہ کتے ہوئے کہا کہ ملزم کے خلاف کیا مواد ہے؟۔
تفتیشی افسر نے بتایا کہ کچھ بینک اکاؤنٹس کی دستاویزات ہیں لیکن اس وقت موجود نہیں ہیں، رمضان کے بعد تک کی مہلت دے دی جائے۔
چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ تمہیں ایک ہفتہ جیل میں رہنا پڑجائے تو پتہ چلے قید کیا ہوتی ہے۔
بعدازاں سندھ ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیر کامران مائیکل کے خلاف درخواست پرسماعت 21 مئی تک کے لیے ملتوی کردی۔
نیب نے سابق وفاقی وزیرپورٹ اینڈ شپنگ کامران مائیکل کو گرفتارکرلیا
یاد رہے کہ 8 فروری 2019 کو قومی احتساب بیورو (نیب) کراچی نے مسلم لیگ ن کے رہنما کامران مائیکل کو گرفتارکیا تھا۔