جے یو آئی (ف) کا صدر عارف علوی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے صدر مملکت عارف علوی سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا۔

اے آر وائی نیوز کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ انتخابات کی تاریخ دینے سے متعلق معاملہ سپریم کورٹ میں واضح ہوگیا جس کے مطابق صدر مملکت الیکشن کی تاریخ دینے میں ناکام رہے۔

کامران مرتضیٰ نے کہا کہ صدر مملکت کا استعفیٰ بنتا ہے، ایسے بلنڈر صدر کرتے رہے تو آئین کی خلاف ورزیاں جاری رہیں گی، میرا مطالبہ ہے کہ صدر کو فوری طور پر عہدہ چھوڑ دینا چاہیے۔

متعلقہ: جب تک نیا صدر نہیں آتا عہدے پر رہوں گا، عارف علوی

نیب آرڈیننس 2023 میں 120 کی دن توسیع پر انہوں نے کہا کہ کچھ باتیں اصول کے مطابق ہونی چاہیے، جس آرڈیننس کی توسیع دے رہے ہیں اس کے بارے میں سپریم کورٹ مؤقف دے چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پہلے سے کیسے تصور کر سکتے ہیں کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ کیا ہوگا، پہلے سے موجود فیصلے کے باوجود آرڈیننس کو توسیع دے رہے ہیں کیا یہ درست ہے؟ آج نہ ہم نے آرڈیننس کو توسیع دیتے ہوئے نہ سوچا نہ مائنڈ اپلائی کیا ہے۔