کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ دشمن قوتوں کیلیے پاک فوج کا نام ہی کافی ہے، بیرونی طاقتیں سیاسی استحکام اور سی پیک کو مکمل ہوتا نہیں دیکھنا چاہتیں۔
کامران ٹیسوری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ آج 24 کروڑ کا ملک روزگار سے محروم ہے جبکہ ملک میں جن کا روزگار ہے وہ صرف گزر بسر کر رہے ہیں، ہمیں ملک کو آگے لے جا کر خوشحال بنانا ہے اور پیروں پر کھڑا کرنا ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ اپنے لوگوں کو ہنر کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی سے بھی آراستہ کرنا ہے، ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں لیکن ہمیں تو ایک سازش میں گھیر لیا گیا ہے، دشمن طاقتیں اس ملک میں نفرت کا بیانیہ ہم پر مسلط کر رہی ہیں اور وہ نہیں چاہتیں کہ ملک مستحکم ریاست کے طور پر سامنے آئے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن طاقتوں کے نفرت کے بیانیے کا اظہار بلوچستان میں دیکھا گیا، بلوچ پنجابی اور شیعہ سنی کو لڑانے کی سازش کی گئی، ہم نفاق اور نفرت کی سازش کا جواب اتحاد، اتفاق اور محبت سے دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس دفعہ یوم دفاع نہایت عقیدت اور شایان شان طریقے سے منائیں گے، 6 ستمبر کو پوری قوم شہدا کی یاد اور محبت میں ایک نظر آئے گی، یوم دفاع پاکستان کے موقع پر 14 اگست کے برابر پروگرام منعقد کر رہے ہیں۔
کامران ٹیسوری نے مزید کہا کہ اپنے اداروں پر تنقید سے دشمن قوتوں کا بیانیہ مضبوط ہوگا، سوشل میڈیا پر باتیں کرنے والے سوچیں کہ وہ کس کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں، کیا ہمارے پاس اس بیانیے کا منہ توڑ جواب نہیں ہے؟
انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر میں مضبوط فوج ہوتی تو کیا دشمن اس طرح مظالم کر سکتے ہیں؟ مضبوط افواج کا خوف اور ڈرہی کافی ہوتا ہے۔