کنگنا رناوت نے گھٹنے ٹیک دیے

کنگنا رناوت نے زرعی قوانین کے دوبارہ نفاذ پر گھٹنے ٹیک دیے

ممبئی: بالی وڈ اداکارہ و سیاستدان کنگنا رناوت نے منسوخ شدہ 3 زرعی قوانین کو واپس نافذ کرنے کے معاملے پر یوٹرن لینے پر مجبور ہوگئیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کنگنا رناوت نے ریاست ہماچل پردیش میں ایک پروگرام کے دوران بیان دیا جس کی وجہ سے انہیں خوب تنقید کا سامنا ہے۔

انہوں نے حکومت سے اُن زرعی قوانین پر نظر ثانی کا مطالبہ کیا تھا جو 2021 میں کسانوں کے ملک گیر احتجاج کے باعث منسوخ کیے گئے تھے۔

کنگنا رناوت نے سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر اپنا ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے کہا کہ مجھے یہ بھی ذہن میں رکھنا ہے کہ اب میں ایک فنکار نہیں ہوں بلکہ بی جے پی کی کارکن ہوں اور میری رائے جماعت کا مؤقف سمجھا جاتا ہے۔

اداکارہ و سیاستدان نے مزید کہا کہ اگر میری حالیہ رائے سے کسی کو مایوسی ہوئی ہے تو مجھے افسوس ہے اور میں اپنے الفاظ واپس لیتی ہوں۔

یاد رہے کہ تقریب میں کنگنا رناوت نے کہا تھا کہ 3 زرعی قوانین کے خلاف احتجاج صرف چند ریاستوں میں کیا گیا تھا، کاشتکار ملکی ترقی میں طاقت کا ایک ستون ہیں۔

’صرف کچھ ریاستوں میں زرعی قوانین پر اعتراض اٹھایا گیا تھا۔ میں ہاتھ جوڑ کر مطالبہ کرتی ہوں کہ کسانوں کے مفاد میں اُن قوانین کو واپس لایا جائے۔

بالی وڈ اداکارہ نے مطالبہ کیا تھا کہ قوانین کو دوبارہ متعارف کروانے سے کسانوں کیلیے زیادہ مالی استحکام یقینی ہوگا اور شعبے میں ترقی کو فروغ ملے گا۔

لیکن کنگنا رناوت کے بیان پر اپوزیشن نے تنقید کی۔ کانگریس نے الزام لگایا کہ کنگنا رناوت کا بیان متنازع قوانین کو دوبارہ نافذ کرنے کی طرف اشارہ ہے۔

کانگریس نے کہا کہ بی جے پی رہنما کا تبصرہ ایک ایسے نازک وقت پر سامنے آیا ہے جب ریاست ہریانہ میں 5 اکتوبر کو اسمبلی کے انتخابات ہونا ہیں۔