ممبئی: بالی وڈ اداکارہ و سیاستدان کنگنا رناوت نے اپنی متنازع فلم ’ایمرجنسی‘ کو اب تک ریلیز کی اجازت نہ ملنے پر ردعمل کا اظہار کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ’ایمرجنسی‘ 6 ستمبر کو ریلیز کیلیے شیڈول ہے لیکن سکھوں کے خلاف مواد ہونے کی وجہ سے اس کو اب تک سینسر بورڈ نے ریلیز کی اجازت نہیں دی۔
آج ممبئی ہائیکورٹ نے بھی کنگنا رناوت کو ریلیف دینے سے انکار کرتے ہوئے ریماکس دیے کہ عدالت سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن (CBFC) کو یہ حکم نہیں جاری کر سکتی کہ وہ فلم کو سرٹیفیکیٹ جاری کرے۔
اس پر اب کنگنا رناوت کا ردعمل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر لکھا کہ آج میں سب کیلیے آسان اور پسندیدہ ہدف بن گئی ہوں۔
کنگنا رناوت نے لکھا کہ یہ وہ قیمت ہے جو اس سوئی ہوئی قوم کو جگانے کیلیے ادا کر رہی ہوں، وہ نہیں جانتے کہ میں کس بارے میں بات کر رہی ہوں، انہیں اس بات کا کوئی علم نہیں کہ میں کیوں ان کیلیے اتنی پریشان کیوں ہوں۔
چند روز قبل کنگنا رناوت نے پروگرام ’آپ کی عدالت‘ میں شرکت کی تھی جہاں انہوں نے اپنی شادی کے حوالے سے خیالات کا اظہار کیا تھا۔
سامعین میں سے ایک نے ان سے سوال کیا تھا کہ وہ سیاستدان سے شادی کرنا چاہیں گی یا اداکار سے؟ جس پر کنگنا رناوت نے جواب دیا تھا کہ کیا کہوں میں اب اس بارے میں؟ دیکھیں میری شادی کو لے کر بہت اچھا خیال ہے، مجھے لگتا ہے ہر ایک کو ساتھی کی ضرورت ہوتی ہے۔
اداکارہ و سیاستدان کا کہنا تھا کہ اب لوگوں نے اتنا بدنام کر رکھا ہے کہ میری شادی نہیں ہونے دیتے ہیں، میرے کورٹ کیسز اتنے ہیں جب بھی کسی کے ساتھ میری بات بننی شروع ہوتی ہے تو میرے گھر پولیس آ جاتی ہے، ایک بار تو میرے ہونے والے ساس سسر گھر میں بیٹھے تھے تو مجھے پیش ہونے کا آڈر آگیا جسے دیکھ کو وہ بھاگ گئے۔