ممبئی: قتل کی دھمکیوں کے پیشِ نظر بالی وڈ اسٹار سلمان خان کو حکومت سے ملنے والی سکیورٹی پر اداکارہ کنگنا رناوت نے اپنے ردعمل کا اظہار کر دیا۔
کنگنا رناوت نے ممبئی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سلمان خان کو ڈرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ وہ محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ سلمان خان کو ریاست نے سکیورٹی فراہم کی ہے، انہیں وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کی جانب سے تحفظ مل رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جب مجھے قتل کی دھمکیاں ملی تھیں تو حکومت نے سکیورٹی فراہم کی تھی، لیکن اب ملک محفوظ ہاتھوں میں ہے ہمیں فکر کرنے کی ضرورت نہیں۔
https://twitter.com/TeamKanganaaa/status/1652886670629560320?s=20
قتل کی دھمکیاں کون اور کیوں دے رہا ہے؟
گزشتہ سال آنجہانی پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل میں ملوث ملزم گینگسٹر لارنس بشنوئی نے سلمان خان کو قتل کی دھمکی دی تھی جس کے بعد اداکار کی سکیورٹی میں اضافہ کیا گیا۔
اداکار نے 1998 میں کالے ہرن کا شکار کیا تھا جس کے بعد ایک تنازع کھڑا ہوگیا تھا۔ لارنس بشنوئی نے دھمکی میں کہا تھا کہ ’میں اور میری برادری سلمان خان کو کالا ہرن کیس میں کبھی معاف نہیں کریں گے۔ اپنے فیصلے پر تب ہی نظرِ ثانی کریں گے جب وہ عوام سے سرِ عام معافی مانگیں گے‘۔
اس کے علاوہ اداکار کو بذریعہ خط، فون کال اور ای میل پر متعدد بار قتل کی دھمکیاں مل چکی ہیں جبکہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کچھ ملزمان کو گرفتار بھی کیا ہے۔
’میرے لیے اکیلے گھومنا یا سڑک پر بائیک چلانا ممکن نہیں رہا‘
حال ہی میں سلمان خان نے ایک شو میں شرکت کے دوران خود کو لارنس بشنوئی گینگ سے ملنے والی دھمکیوں اور سکیورٹی پر گفتگو کی۔
دبنگ خان کا کہنا تھا کہ میرے لیے اکیلے گھومنا یا سڑک پر بائیک چلانا ممکن نہیں رہا، قتل کی دھمکیوں سے اب ڈر محسوس ہوتا ہے، جہاں بھی جاتا ہوں سکیورٹی ساتھ ہوتی ہے، سب سے زیادہ مسئلہ ٹریفک میں ہوتا ہے جہاں میری سکیورٹی ٹیم کی گاڑیوں کی وجہ سے عام شہری پریشان ہوتے ہیں اور مجھے عجیب یا غصے والی نظروں سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے شہریوں سے معذرت کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’جان کو سنگین خطرہ لاحق ہے اس لیے سکیورٹی ساتھ ہوتی ہے۔ مجھے سکیورٹی کے حوالے سے جیسا کہا جاتا ہے میں عمل کرتا ہوں۔ میرے اردگرد اتنی بندوقیں ہیں کہ بعض اوقات میں خود سے بھی ڈرتا ہوں۔‘