کپل دیو نے ٹیسٹ کرکٹ میں تبدیلی لانے کا مطالبہ کردیا

کپل دیو

بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو نے ٹیسٹ کرکٹ کو بچانے کے لیے اس میں تبدیلی لانے کا مطالبہ کردیا۔

بھارتی ٹیم کے سابق کپتان کپل دیو کا کہنا ہے کہ اگر ٹیسٹ کرکٹ کو بچانا ہے تو اس میں تبدیلیاں ناگزیر ہیں، ٹیسٹ کرکٹ میں تبدیلیاں لاکر اس کی گرتی ساکھ کو بچایا جاسکتا ہے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ ٹی ٹوئنٹی کو ون ڈیز یا ٹیسٹ کرکٹ کے مستقبل کے لیے خطرہ سمجھتے ہیں؟

اس پر کپل دیو نے جواب دیا کہ ’یہ آئی سی سی پر منحصر ہے کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں ایسی تبدیلیاں لائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ گراؤنڈز میں ٹیسٹ میچ دیکھنے کے لیے واپس آئیں کیوں کہ شائقین اب ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کو زیادہ ترجیح دیتے ہیں۔‘

ایک سوال کے جواب میں کپل دیو نے کہا کہ اگر ہم گزشتہ 20 سالوں کی بھارت کی کرکٹ پر نظر ڈالیں اور اس کا موازنہ آج کی کرکٹ سے کریں تو کافی فرق آیا ہے، کرکٹ کا انداز وقت کے ساتھ بدلا ہے اور مینجمنٹ میں کافی بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان باصلاحیت کھلاڑیوں کو اب زیادہ مواقع مل رہے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ چھوٹے شہروں سے زیادہ بہتر بولرز سامنے آرہے ہیں جبکہ بیٹنگ میں زیادہ تر نام بڑے شہروں سے آتے ہیں۔

سابق کپتان نے کہا کہ ٹی 20 کرکٹ کی آمد کے بعد میچز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جس سے کھلاڑیوں پر دباؤ بھی بڑھ گیا ہے، جب بہت زیادہ پیسہ شامل ہوتا ہے تو کھلاڑی زیادہ دباؤ محسوس کرتے ہیں، آرام کی کمی کی وجہ سے کھلاڑیوں میں صحت کے مسائل بھی بڑھ جاتے ہیں اور وہ زخمی ہوجاتے ہیں۔