بمبئی: معروف بھارتی کامیڈین اور بالی ووڈ اداکار کپل شرما نے بھارتیہ جنتا پارٹی اور مودی حکومت کی کارکردگی پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے سخت ناراضی کا اظہار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اپنے کامیاب کامیڈی شو اور حاضری جوابی سے عوام میں پذیرائی حاصل کرنے والے فنکار ’’کپل شرما‘‘ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر مودی حکومت کی کارکردگی پر شدید غصے اور ناراضی کا اظہار کردیا۔
کپل شرما نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ ’’ان کم ٹیکس کے نام پر گزشتہ پانچ سالوں سے 15 کروڑ روپے ادائیگی کے باوجود مجھے اپنا دفتر بنانے کےلیے بمبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) کو 5 لاکھ روپے رشوت ادا کرنی ہوگی‘‘۔
I am paying 15 cr income tax from last 5 year n still i have to pay 5 lacs bribe to BMC office for making my office @narendramodi
— KAPIL (@KapilSharmaK9) September 9, 2016
انہوں نے اپنے ایک اور ٹوئٹ میں اپنے غصے کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’’کیا یہ ہیں وہ اچھے دن جن کے بارے میں عوام کو الیکشن مہم کے دوران بتایا گیا تھا‘‘۔
Yeh hain aapke achhe din ? @narendramodi — KAPIL (@KapilSharmaK9) September 9, 2016
بی ایم سی کا شمار بھارت میں سب سے زیادہ پیسے کمانے والے اداروں میں ہوتا ہے جس کو بلدیاتی حکومت کا درجہ بھی دیا گیا ہے۔ اس ادارے کا مکمل انتظام حکومتی پارٹی شدت پسند تنظیم اور حکمراں جماعت شیوسینا اور مرکزی حکومت بھارتیہ جنتا پارٹی کے پاس ہے۔
دوسری جانب میونسپل کارپوریشن کے ویج لینس ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ نوہر پہنور نے کپل کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ’’کپل شرما سرکاری افسر کا نام سامنے لائیں جنہوں نے اُن سے رشوت کا تقاضہ کیا، مکمل چھان بین کے بعد سرکاری افسر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی‘‘۔
علاوہ ازیں بھارتی ریاست مہاراشٹرکے وزیر اعلیٰ دیویندرا نے اداکار کو یقین دہانی کرواتے ہوئے کہاکہ ’’وہ اُس شخص کے بارے میں اطلاع دیں اُس کے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری کیے جائیں گے ۔ اداروں میں ایسے لوگوں کی کوئی گنجائش نہیں ہے‘‘۔
Kapilbhai pls provide all info.
Have directed MC,BMC to take strictest action.
We will not spare the culprit.@KapilSharmaK9 @narendramodi— Devendra Fadnavis (@Dev_Fadnavis) September 9, 2016
کپل نے وزیر اعلیٰ کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ ’’میں جلد آپ سے ملاقات کر کے اس بارے میں تفصیلی گفتگو کروں گا ‘‘۔
@Dev_Fadnavis thank u so much for ur concern sir.. Would like to come n discuss this matter with u in person .. — KAPIL (@KapilSharmaK9) September 9, 2016
یاد رہے بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کپل شرما اپنے کامیڈی شو کی ہر قسط پر 60 سے 80 لاکھ ہندوستانی روپے کماتے ہیں، اس حساب سے وہ تقریباً ہر ماہ 6 کروڑ روپے تک معاوضہ باآسانی حاصل کرتے ہیں تاہم گزشتہ دنوں کپل سے متعلق خبریں سامنے آئی ہیں کہ ’’وہ کئی بالی ووڈ اداکاروں سے زیادہ معاوضہ حاصل کررہے ہیں‘‘۔